جنوبی افریقی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا 3 نومبر کو آغاز

کیپ ٹائون ۔29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ جنوبی افریقہ نے گلوبل ٹی 20 لیگ کے تفصیلات کا اعلان کردیا۔ ایونٹ کا افتتاح 3 نومبر کونائٹ رائڈرز اور نیو لینڈز پریٹوریا میورکس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جس میں ابراہم ڈیویلیئرز، ڈوین براوو، مورنے مورکل ، کرس گیل، جے پی ڈومینی اور ڈیل اسٹین جیسے اسٹار کھلاڑی ایکشن میں ہونگے۔44 روزہ ٹورنمنٹ میں مجموعی طور پر57 میچ کھیلے جائیں گے۔ لیگ مرحلے کے اختتام کے بعد 16دسمبر کو دو سرفہرست ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔خیال رہے کہ 10 برس قبل شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کے بعد اب پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ،ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیشی بورڈز بھی اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگز کروارہے ہیں۔ ان میں آئی پی ایل سب سے مقبول اور کامیاب ترین ایونٹ قرار دیا جاتا ہے۔