کیپ ٹاؤن ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ساؤتھ افریکا اپنی نیشنل کرکٹ ٹیم میں نمائندگی کیلئے کھلاڑیوں کیلئے نسلی بنیادوں پر کوٹہ متعارف کرائے گا۔ ٹیم کی تبدیلی کے عمل میں سست روی پرکرکٹ بورڈ جنوبی افریقی حکومت کی تنقید کی زد میں آیا تھا جس کے بعد بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کیلئے نیلامی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا جائزہ اگلے سال لیا جائے گا۔ جنوبی افریقی بورڈ کے صدر کرس نانزینی نے ایک بیان میں کہا کہ موقع کی مناسبت سے آگے بڑھیں گے اور تمام قومی ٹیموں میں کم ازکم سیاہ فام کھلاڑیوں کی نمائندگی کا تعین کیا جائے گا۔ اس ہدف کا حساب ایک سال میں لیا جائے گا اور یہ میچ درمیچ لاگو نہیں ہوگا۔ نانزینی نے کہا کہ ماضی میں ہم نے کبھی اپنی قومی ٹیم میں ہدف نہیں رکھا تھا لیکن حالات کی تبدیلی کیساتھ ہم نے محسوس کیا کہ وقت کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ مخصوص ہدف کا انحصار متعلقہ کمیٹی پرہے جواس بات کا تعین کرے گی کہ کیا حقیقی اور دیرپا ہے، اس کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ جنوبی افریقہ ٹیم کے تمام طرز میں سیاہ فام کھلاڑیوں کو شامل کررہا ہے جبکہ اس کا کامیاب تجربہ پہلے بھی کرچکا ہے۔ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز میں منعقدہ سہ فریقی سیریز میں آسٹریلیا کو 47 رنز سے شکست دینے والی جنوبی افریقی ٹیم میں پہلی دفعہ 8 سیاہ فام کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقی بورڈ پہلے ہی ڈومیسٹک ٹیموں میں کوٹہ سسٹم متعارف کرواچکا ہے جہاں ٹیم پر لازم ہے کہ تین سیاہ فام افریقیوں سمیت 6 غیر سفید فام کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے۔ جنوبی افریقہ کے وزیر کھیل فیکلی ایمبالولا کا خیال ہے کہ ملک میں پسماندہ علاقوں میں جہاں اسکولوں میں مناسب سہولیات پہنچانے میں دشواریوں کے باوجود جونیئر سطح پر سیاہ فام کھلاڑیوں کی شمولیت حوصلہ افزا ہے۔ ایمبالولا اس کو قومی سطح پر منتقل کرنا چاہتے ہیں جبکہ رواں سال اپریل میں رگبی، کرکٹ، نٹ بال اور اتھلیٹکس کی فیڈریشنز پر تنقید کی تھی ۔ انھوں نے اس وقت تک بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کیلئے نیلامی پر پابندی عائد کردی تھی جب تک ان اہداف کو پورا نہیں کیا جاتا۔