جنوبی افریقی ٹیم کی نیوزی لینڈ آمد

ویلنگٹن 15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم اے بی ڈی ویلیئرس کی قیادت میں جیت کا عزائمکے ساتھ نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔ مہمان ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے مقابلوں کی سیریز کھیلے گی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیت کر ونڈے درجہ بندی میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کرنے کو ہدف بنا لیا ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے وہ حریف ٹیم کے خلاف ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہے۔ دریں اثناء مہمان ٹیمکی فیلڈنگ دنیا میں کسی بھی ٹاپ ٹیم سے کم نہیں لیکن ڈیویلیئرس اپنے فیلڈرز کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس شعبے میں اب بھی بہتر ی کی گنجائش اور ضرورت باقی ہے۔ اے بی ڈی ویلیئرس نے کہا ہے کہ آئندہ برس منعقد شدنی آئی سی سی ورلڈ کپ سے قبل دورہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ٹیم کا اصل امتحان ہو گا ۔ اے بی ڈی ویلیئرس نے اپنے بیان میں کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ٹیم کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ورلڈ کپ بھی انہی ممالک میں منعقد ہو گا

اس لئے میگا ایونٹ سے قبل یہاں کے حالات سے اچھی طرح واقفیت ہمارے لئے مفید ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں گھریلو میدانوں پر خطرناک حریف ثابت ہوئی ہیں اسلئے ہم نے کھلاڑیوں کو بھرپور مقابلے کیلئے تیار رکھا ہوا ہے۔ ونڈے درجہ بندی میں اپنا کھوا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا ہدف ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سخت محنت کرنی ہو گی۔ مہمان کپتان نے کہا کہ زمبابوے میں منعقدہ سہ رخی ونڈے سیریز کے دوران ہماری فیلڈنگ بہت ناقص رہی تھی اسلئے اسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 21 اکتوبر، دوسرا میچ 24 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دورہ نیوزی لینڈ مکمل کرنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔