جنوبی افریقی لیگ پر بھی سٹہ بازوں کا سایہ

ڈربن ۔11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی سوپرلیگ بھی سٹہ مافیا کی ہٹ لسٹ پر آگئی۔ ڈربن کے کنگسمیڈ اسٹیڈیم سے 2 بدنام زمانہ برطانوی پکڑے گئے۔جنوبی افریقہ میں جاری مزانسی سوپر لیگ بھی سٹے بازوں کی نظر میں آگئی ہے۔ گزشتہ دنوںکنگسمیڈ اسٹیڈیم میں ڈربن ہیٹ اور جوزی اسٹارز کے میچ میں ممکنہ طور پر 2 افراد کو ’جوئے سے متعلق سرگرمی‘ میں ملوث ہونے پر حراست میں لیا گیا، ان پر کھیل میں مداخلت کا الزام عائد ہوا لیکن بعد میں ضمانت بھی ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق دونوں برطانوی شہریت کے حامل اور ان کی عمریں بالترتیب34 اور 35 برس ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں اس سے قبل بھی مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث پائے جاچکے، ان کا نام ایسے افراد کی فہرست میں شامل ہے جن پر دنیا بھر کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں انٹرنیشنل میچز کے دوران شرکت پر پابندی ہے۔ یہ دونوں ہاسپٹلٹی سوئٹ میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہورہے تھے۔ اس سے قبل ٹورنمنٹ کے آغاز پر بھی 2 افراد کو مشتبہ سرگرمیوں پر حراست میں لیا گیا تھا۔