جنوبی افریقہ ۔ آسٹریلیا سیریز کا اعلان

جوہانسبرگ۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ورلڈ کپ 2015 سے قبل آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی مصروفیات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے دورے سے قبل جنوبی افریقی ٹیم بھی آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹوئنٹی20 اور پانچ ونڈے مقابلوں کی سیریز کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں برس شیڈول دورہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا آئندہ برس ہونے والے آئی سی سی سی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بہت اہم ثابت ہو گا۔ ورلڈ کپ مشترکہ طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا اسلئے کھلاڑیوں کے پاس وہاں کے حالات سے اچھی طرح سے ہم آہنگی کا اچھا موقع ہے، امید ہے کہ کھلاڑی اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹوئنٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 5 نومبر، دوسرا میچ 7 نومبر اور تیسرا میچ 9 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ونڈے مقابلوںکی سیریز کا پہلا میچ 14 نومبر، دوسرا میچ 16 نومبر، تیسرا میچ 19 نومبر، چوتھا میچ 21 نومبر جبکہ پانچواں میچ 23 نومبر کو کھیلا جائے گا۔