ہاشم آملہ کی تیز رفتار 25 ویں ونڈے انٹرنیشنل سنچری ، عمران طاہر کی طوفانی بولنگ
لندن۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہاشم آملہ کی سنچری اور لیگ اسپنر عمران طاہر (4/27) کی قیادت میں بہترین بولنگ کی مدد سے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آئی سی سی چمپینس ٹروفی کے ایک میچ میں آج سری لنکا کو 96 رنز سے شکست دے دی۔ ہاشم آملہ نے 115 گیندوں میں 103 رنز بناتے ہوئے اپنے ونڈے انٹرنیشنل کیریئر اور اس طرح ان کی ٹیم کا مجموعی اسکور 6 وکٹ کے نقصان سے 299 رنز پر پہنچ گیا۔ اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی ٹیم کو 203 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرتے ہوئے بھاری فرق سے کامیابی حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر 34 سالہ ہاشم آملہ 25 ویں ونڈے سنچری کے ہدف پر پہونچنے والے تیز رفتار ترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔ انہوں نے 115 اننگز میں یہ ہدف پورا کیا۔ اس اعتبار سے انہوں نے ویراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جو 162 ونڈے انٹرنیشنل میچس کھیلتے ہوئے اس ہدف پر پہونچے تھے۔ سری لنکا کی ٹیم اپنی کامیابی کیلئے مقررہ 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اگرچہ بہترین شروعات کی تھی۔ نروشن زکویلا (41) اور اپل تھارنگا (57) اوپننگ وکٹ کیلئے 69 رنز بناسکے لیکن جنوبی افریقہ کے بولرس اپنے حملوں میں اضافہ کے ساتھ پہلی کامیابی کے بعد مختصر وقت میں کئی اہم وکٹس حاصل کئے۔ اس طرح سری لنکا کی ٹیم نے 9 ویں اوور تک کسی وکٹ کے نقصان کے بغیر 69 رنز کی طاقتور شروعات سے ملنے والا موقع ضائع کردیا اور 30 ویں اوور میں 6 وکٹ کے نقصان سے 155 رنز کے مجموعی اسکور پر لڑکھڑاتے رہے۔ عمران طاہر کو 18 ویں اوور میں پولنگ کے مورچہ پر لایا گیا جو سری لنکا کی بیٹنگ کی دھجیاں اُڑانے کے اصل ذمہ دار ہیں۔ عمران طاہر نے 8.3 اوورس میں صرف 27 رنز دے کر 4 اہم وکٹس حاصل کیا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلرس نے بیٹنگ کے ذریعہ اپنی ٹیم کو آج کچھ زیادہ رنز نہیں دے سکے لیکن انتہائی چست اور مستعد فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوسل مینڈس کا ایک بلند کیچ لے لیا۔ علاوہ ازیں دنیش چنڈیمل کو رن آؤٹ کیا۔