جنوبی افریقہ کی آخرکار ’ناک آؤٹ‘ فتح ، سری لنکا کے اَرمان منتشر

کرکٹ ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل

سڈنی ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسپنرز طاہر عمران اور ’ہیٹ ٹرک‘ انجام دینے والے جے پی ڈومینی نے آپس میں سات وکٹیں بانٹ لئے جس کی مدد سے جنوبی افریقہ نے خلافِ معمول بدنصیب سری لنکا کو آج یہاں 9 وکٹوں سے شکست فاش دیتے ہوئے کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنلس میں داخلہ پالیا۔ لیگ اسپنر طاہر (4/26) غیرمعمولی بولر دکھائی دیئے جبکہ ڈومینی (3/29) نے اس ٹورنمنٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک درج کرائی …انگلینڈ کے اسٹیون فن کے بعد… اور جنوبی افریقہ نے لنکا والوں کو اس ایڈیشن کے پہلے کوارٹرفائنل میں 37.2 اوورز میں صرف 133 پر سمیٹ دیا۔ جنوبی افریقہ جو کلیدی موقعوں پر یکایک زوال پذیر ہوجانے کی اپنی عادت سے پیچھا چھڑانے بے تاب ہیں، بعدازاں وہ جوابی اننگز کیلئے میدان پر آئے اور 18 اوورز میں بیٹنگ کی ذمے داری پوری کردی اور 50 اوور کے بڑے ایونٹ میں اپنی اولین ناک آؤٹ کامیابی درج کرائی۔

کوئنٹن ڈی کاک (78 ناٹ آؤٹ) اور فاف ڈو پلیسی (21 ناٹ آؤٹ) نے 94 رنز کے غیرمختتم رفاقت نبھاتے ہوئے مطلوبہ نشانہ ذرا سی بھی پریشانی کے بغیر حاصل کرلیا۔ ہاشم آملہ (16) بصورت دیگر بے داغ اننگز میں آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمن رہے۔ مگر یہ دن بلاشبہ اسپن جوڑی طاہر اور ڈومینی کے نام رہا جنھوں نے طاقتور سمجھی جانے والی سری لنکن بیٹنگ یونٹ کے مقابل تباہی مچائی۔ ایس سی جی میں بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے سری لنکا نے شروعات میں ہی اپنی راہ کھو دی جبکہ پروٹیز پیس اٹیک نے اوپنرز کو دیکھتے ہی دیکھتے چلتا کردیا اور جزیرہ والوں کا اسکور 4/2 ہوچکا تھا۔

لیکن اسپنروں کو 14 ویں اوور میں بولنگ کی ذمے داری دی گئی جس میں ڈومینی کو طاہر سے قبل گیند ملی اور پھر دونوں نے لنکائی بیٹسمنوں کو اسپن کے جال میں باندھ ڈالا۔ لہیرو تھریمانے (41) نے تیسری وکٹ کیلئے 65 رنز کی پارٹنرشپ کمار سنگاکارا (45) کے ساتھ نبھائی جو اَب سبکدوش ہوگئے ہیں، جیسا کہ ویٹرن لیفٹ ہینڈر نے پہلے ہی اس ورلڈ کپ کے بعد او ڈی آئیز چھوڑ دینے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ لہیرو اور کمار کی رفاقت نے لنکن اننگز کو کچھ حد تک استحکام بخشا لیکن پروٹیز کے اسپنرز مسلسل آزمائش کررہے تھے۔ ’مین آف دی میچ‘ طاہر وقفے وقفے سے وکٹ لیتے رہے اور آف اسپنر ڈومینی نے بھی بھروسہ مند بیٹسمن انجیلو میتھیوز کو 19 پر آؤٹ کرنے کے بعد حریفوں کو مزید نقصان پہنچایا۔ ڈومینی نے کپتان میتھیوز کو اپنے آٹھویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ کیا اور ہر کسی کو حیرت ہوئی جب انھیں اپنے نویں اوور کی شروعات میں مزید دو وکٹیں حاصل ہوگئیں، جس نے اُن کی او ڈی آئیز میں پہلی ’ہیٹ ٹرک‘ مکمل کی، جو اتفاق سے کسی پروٹیز بولر کیلئے بھی ورلڈ کپ میں پہلا کارنامہ ہے۔

جوابی اننگز میں بیٹنگ اے بی ڈی ولیرس زیرقیادت ٹیم کیلئے کچھ ضابطہ کی تکمیل نظر آئی جبکہ انھوں نے مقررہ وقت ِ وقفہ سے کافی قبل اننگز کی شروعات کی۔ 40/1 پر ڈنر کیلئے وقفہ لینے کے بعد جنوبی افریقہ نے اپنا ٹارگٹ بڑی سرعت سے پالیا۔ جنوبی افریقہ کو اب نیوزی لینڈ ۔ ویسٹ انڈیز کوارٹرفائنل میچ کے ونر کا انتظار ہے، جو ہفتہ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں لنکن اسٹار کمار جو اس میچ میں ریکارڈ چار متواتر او ڈی آئی سنچریوں کے ساتھ آئے، اپنے ٹیم ساتھیوں کی ناقص بیٹنگ کا نان اسٹرائیکرس اینڈ سے بس نظارہ ہی کرتے رہ گئے۔ ویٹرن لیفٹ ہینڈر نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ کسی طرح لنکن اسکور میں کچھ رنز جوڑ جائیں۔ وہ اگرچہ 151 منٹ میدان پر رہے مگر 96 گیندوں میں صرف تین چوکوں کے ساتھ 45 رنز بناپائے۔ انھیں پیس بولر مورنے مورکل (1/27) کے خلاف ڈیوڈ ملر نے کیچ کرلیا۔ ایک اور سینئر بیٹسمن مہیلا جئے وردھنے کا بھی یہ آخری ورلڈ کپ میچ ہوگیا، جس میں وہ 16 گیندیں کھیل کر 4 رنز بناسکے۔ انھیں طاہر نے ڈوپلیسی کے ذریعے کیچ کرایا۔ اس بیٹنگ ناکامی کے درمیان نویں سری لنکن وکٹ گرنے کے بعد کچھ دیر کیلئے بارش نے ایکشن کو روک دیا لیکن پروٹیز نے کھیل کا احیاء ہونے پر لاستھ ملنگا کی آخری وکٹ لینے میں دیر نہ کی۔

ڈومینی کی ہیٹ ٹرک ،جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ میں اولین کارنامہ
سڈنی ۔ 18 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) آل راؤنڈ جے پی ڈومنی آج اولین جنوبی افریقی بولر اور مجموعی طورپر نویں گیندباز بن گئے جنھوں نے ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک درج کرائی ۔ انھوں نے سری لنکا والوں کی بیٹنگ کو اپنی آف اسپین کے ذریعہ کرارا نقصان پہونچایا ۔ ڈومنی رواں ٹورنمنٹ میں اسٹیون فین کے ساتھ شامل ہوگئے جنھوں نے قبل ازیں ہیٹ ٹرک درج کرائی تھی ۔ ڈومنی کے شکار بیٹسمینوں میں کپتان انجلیو میتھیوز (19)، نوان کلاسکرا (1)اور ونڈے کیرئیر کا آغاز کرنے والے تھرندو کوشل (0) شامل ہیں۔