جنوبی افریقہ کیساتھ آج آخری T20، ہندوستان ساکھ کی خاطر کھیلے گا

کولکاتا ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو ٹیم کی ترکیب درست کرلینے کی ضرورت ہے جبکہ وہ اپنی ساکھ کی بحالی اور جنوبی افریقہ کو ’کلین سویپ‘ درج کرانے سے روکنے کیلئے کوشاں ہوں گے جب دونوں ٹیمیں تیسرے و آخری ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں کل یہاں صف آرا ہوں گی۔ یہ سیریز کا فیصلہ تو کٹک میں ہی ہوگیا جہاں ہندوستان کو چھ وکٹ سے ذلت آمیز شکست ہوئی جبکہ جنوبی افریقہ نے میزبانوں کو اس مقابلے اُن کے دوسرے اقل ترین اسکور 92 پر ڈھیر کردیا ، جو تماشائیوں کے اُجڈ برتاؤ سے متاثر ہوا۔ ہندوستان کو اسی طرح کا نتیجہ بنگلہ دیش میں جون میں درپیش ہوا تھا جب وہ دو ونڈے میچز لگاتار ہارے اور پھر میزبانوں کے مقابل سیریز میں پہلی بار 1-2 سے ناکام ہوئے تھے۔ یہاں ایڈن گارڈن کا T20 میچ بھلے ہی سیریز کے اعتبار سے غیراہم ہے لیکن ہندوستانی کپتان ایم ایس دھونی کیلئے کافی اہمیت رکھتا ہے جو دورہ کنندگان کے خلاف پانچ میچ کی او ڈی آئی سیریز سے قبل جیت کا ردھم حاصل کرلینے بے تاب ہوں گے۔ تاہم اسٹار آف اسپنر ہربھجن سنگھ پُراعتماد معلوم ہوتے ہیں جیسا کہ انھوں نے کہا کہ میزبانوں کو کل یہاں اپنی قسمت بدلنے کی پوری امید ہے۔ ہربھجن نے اس میچ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا، ’’ہم یہ سیریز ہار چکے ہیں لیکن ہمارے لئے آخری میچ میں بہت کچھ داؤ پر ہے۔ امید ہے ہم کل جیت جائیں گے اور پھر وہاں سے آگے مختلف معاملہ ہوسکتا ہے۔ او ڈی آئیز اور پھر ٹسٹ میچز بھی ہونے والے ہیں۔ ہم کل ہمارا بہترین کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ہم جیتنا شروع کردیں تو پھر ہمیں شکست دینا مشکل رہے گا۔‘‘ دوسری طرف مہمانوں کے جارحانہ بیٹسمن ڈیوڈ ملر نے کہا کہ اُن کی ٹیم تین میچ کی T20 سیریز کو 3-0 سے ختم کرنے بے چین ہے۔ انھوں نے کہا کہ پروٹیز کل بھی جیت درج کرانا چاہیں گے۔ (میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا)