نئی دہلی ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کی طاقتور کرکٹ ٹیم کے طویل دورۂ ہند کے آغاز کو انڈیا اے نے آج پریکٹس T20 میچ میں اپنی زبردست جیت کے ذریعے مہمانوں کیلئے تلخ بنا دیاجبکہ اوپنر ماینک اگروال کے شاندار 87 رنز کی مدد سے میزبانوں نے 190 کے بڑے ٹارگٹ پر بولنگ کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے محض دو وکٹ کھوکر کامیابی درج کرائی۔ ٹاس مہمان کپتان فاف ڈوپلیسی نے جیت کر یہاں پالم اے گراؤنڈ کی وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ میزبانوں کو اگرچہ جارحانہ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک (2) کی وکٹ جلد مل گئی لیکن دیگر اوپنر اے بی ڈی ولیرز (37)، کپتان ڈوپلیسی (42) اور آل راؤنڈر جے پی ڈومینی (68 ناٹ آؤٹ) کی برق رفتار بیٹنگ نے جنوبی افریقہ والوں کے اسکور کو 189/3 تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ ڈیوڈ ملر نے 10 رنز بنائے جبکہ فرحان بہار الدین 17 پر دیگر ناٹ آؤٹ بیٹسمن رہے۔ اس مرحلے پر ایسا لگا کہ مندیپ سنگھ زیرقیادت عملاً تیسرے درجہ کی ہندوستانی ٹیم کائل ایبٹ، کرس موریس اور
عمران طاہر جیسے اسٹار بولروں کے اٹیک کے مقابل یہ بڑا ٹارگٹ حاصل نہیں کرپائے گی۔ تاہم اس کے بعد جو کچھ پیش آیا وہ یقینا نوجوان ہندوستانیوں کیلئے یادگار رہے گا۔ اوپنرز مانن ووہرا اور اگروال نے سنچری پارٹنرشپ کے ذریعے کامیابی کی بنیاد رکھی۔ ووہرا 42 گیندوں میں 56 رنز بناکر ڈومینی کے مقابل آؤٹ ہوئے ۔ تاہم اگروال جب 49 گیندوں کی اپنی اننگز میں 12 چوکے اور 2 چھکے لگا کر ڈی لانگے کی گیند پر پویلین لوٹے تو میزبانوں کو جیت کیلئے صرف 19 رنز درکار تھے۔ سنجو سامسن (31*) اور کپتان مندیپ (12*) نے دو گیندیں قبل 193/2 پر جیت دلائی۔