جنوبی افریقہ ٹسٹ درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر

دبئی۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی نے رواں مہینے کی نئی ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی ہے جس میں کسی بھی ٹیم کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ٹیم درجہ بندی میں جنوبی افریقہ بدستور 130 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر موجود ہے جبکہ 108نشانات کی حامل آسٹریلیا ئی ٹیم دوسرے مقام پر ہے۔ آئی سی سی درجہ بندی میں ہندوستان تیسرے مقام پر ہے جسے کل سے بنگلا دیش کیخلاف ایک ٹسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔ اگر ہندوستان ٹسٹ جیت گیا تو ایک نشان کے اضافے کیساتھ تیسرا مقام پر برقرار رہے گا لیکن شکست کی صورت میں چار نشانات گنوا کر 95 نشانات کیساتھ ساتویں مقام پر چلا جائیگا۔ پاکستان بنگلا دیش کو ٹسٹ سیریز ہرانے کے باوجود چھٹے مقام پر موجود ہے۔ ٹسٹ درجہ بندی میں نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلا دیش نویں اور زمبابوے کی ٹیم پانچ نشانات کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ بولنگ کے شعبے میں جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین 905 نشانات کے ساتھ پہلے، جیمز اینڈرسن دوسرے جبکہ آسٹریلیائی بولر ریان ہیرس کا تیسرا نمبر ہے۔

سینئر کھلاڑیوں کا خلاء پُر کرنے میں وقت لگے گا: وقار یونس
لاہور۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے۔ زمبابوے کرکٹ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی بھی بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کا خلاء پر کرنے میں وقت لگے گا لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ اسے جلد از جلد پورا کیا جائے۔ وقار یونس کے بموجب سری لنکا سے جو سیریز ہو نے جا رہی ہے اس میں پاکستان کا تین میچ جیتنا لازمی ہے۔