جنوبی افریقہ ونڈے سیریز ،متھیوزکی ٹیم میں واپسی

کولمبو۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے جنوبی افریقہ کیخلاف ونڈے سیریزکیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور آل رائونڈر اینجلو میتھوز کی واپسی ہوئی اور وہ قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ زخمی ہونے کے باعث انہیں ٹیم سے دوری کا سامنا تھا۔بنگلہ دیش کے خلاف ونڈے سیریز کھیلنے والے اسکواڈ سے چھ کھلاڑیوں کو خارج کیا گیا ہے جن میں دشمانتھا چمیرا، آسیلا گونارتنے، نووان پرادیپ، دنوشکا گوناتھلیکا، شیہان مدوشنکا، وانندو ہسارنگا شامل ہیں۔کاسن راجیتھا، پراباتھ جے سوریا، شیہان جے سوریا اور ڈاسن شناکا سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 29 جولائی کو ہو گا۔ اسپنر پراباتھ جے سوریا کو کرئیر کے آغاز کا موقع ملے گا۔ اسکواڈ میں اینجلو میتھوز کپتان، ڈاسن شناکا، کوشل پریرا، دھنن جیا ڈی سلوا، اپل تھرنگا، کوشل مینڈس، تھسارا پریرا، نروشن ڈکویلا، سرنگا لکمل، لاہیرو کمارا، کاسن راجیتھا، اکیلا دھنن جایا، پراباتھ جے سوریا، لکشن سنداکن اور شیہان جے سوریا شامل ہیں۔ دیموتھ کرونارتنے، ایسورو اودانا، نشان پائرس اور جیفری وانڈرسے کو محفوظ کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔

فیڈررراجر کپ سے دستبردار
جنیوا ۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )راجر فیڈرر آرام کی غرض سے آئندہ ماہ کینیڈا میں راجرز کپ ٹینس ٹورنمنٹ سے دستبردار ہو گئے۔ عالمی نمبر دو اسٹار رواں سال تین خطابات اپنے نام کرچکے ہیں۔انہوں نے جنوری میں آسٹریلین اوپن جیت کر کیریئر کا 20واں گرانڈ سلام خطاب جیتا تھا، اس کے علاوہ وہروٹرڈیم اور اسٹٹگارٹ اوپن میں بھی سرخرو ہوئے تھے۔ فیڈرر نے کہا ہے کہ کیریئر کو طول دینے کیلئے یہ فیصلہ کیا۔