جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی

جوہانسبرگ۔ 10مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی ویمنس ٹیم نے دوسرے ونڈے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کرتین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی ہے۔ جنوبی افریقی ویمنس ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم 42 اوورز میں 147 رنز بنا کر آوٹ ہو ئی۔ اوپنر ناہیدہ خان 37 رنزکے ساتھ نمایاں رہیں۔ سدرہ امین 25، جویریہ خان 20، بسمہ معروف 32 رنز بنا سکیں۔ میزبان ٹیم کی طرف سے مساباتا کلاس نے 3 وکٹ لئے۔ ماریزانے کاپ، تومی سیکھوکھو نے اور سونے لوس نے فی کس دو اور شبنم اسماعیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ لارا وولورٹ نے 104 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں 9 چوکے شامل تھے جبکہ لز لی 40 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ پاکستان کی طرف سے ثناء میر اور عمائمہ سہیل نے فی کس ایک وکٹ لیا۔ مساباتا کلاس میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔