جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرایا، ہاشم 63 ناٹ آؤٹ

سنچورین ، 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹسٹ میں آج چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ سرفراز احمد کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو کامیابی کیلئے صرف 149 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ میزبانوں نے 151/4 کے ساتھ پورا کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین ایلگر اور ائیڈن مارکرام نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عامر کا پہلا اوور میڈن ہونے کے بعد حسن علی نے ائیڈن کو اپنی دوسری ہی گیند پر آؤٹ کر دیا جو اپنا کھاتہ نہ کھول سکے۔ اس کے بعد ہاشم آملہ اور ایلگر کے مابین 119 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے پاکستان سے امیدیں چھین لیں۔ ایلگر (50) اپنی نصف سنچری کرتے ہی شان مسعود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آملہ نے 63 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ایلگر کے بعد کریز پر ڈی بروئن آئے جو 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان فاف ڈوپلیسی کو شاہین آفریدی نے صفر پر آؤٹ کیا۔ تاہم، آملہ نے ٹی باووما (13*) کو لے کر پروٹیز کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ قبل ازیں پاکستان کو پہلی وکٹ جلد مل گئی لیکن پھر پاکستانی ٹیم بے اثر ہوگئی۔ پہلے آملہ کا کیچ فخر زماں نے ڈراپ کیا پھر آفریدی کی گیند پر ایلگر سلپ میں کیچ ہوئے لیکن تھرڈ امپائر نے ریویو میں فیصلہ دیا کہ گیند زمین پر لگی ہے۔