ڈربن۔ 30؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کا مایوس کن اختتام ہوا، جیسا کہ یہاں ڈربن میں منعقدہ سیریز کے دوسرے اور آخری ٹسٹ میں میزبان جنوبی افریقہ نے 10 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مقابلوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی۔
جوہانسبرگ میں منعقدہ پہلا ٹسٹ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا تھا۔ قبل ازیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 68/2 سے آگے کھیلتے ہوئے دوسری اننگز میں 223 رنز بنائے جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو کامیابی کے لئے 58 رنز درکار تھے۔ میزبان اوپنرس گرائم اسمتھ نے 33 گیندوں میں 4 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 27 اور الویرو پیٹرسن نے 37 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکہ کی مدد سے 31 رنز بناتے ہوئے مطلوبہ نشانہ 11.4 اوورس میں ہی حاصل کرلیا۔ ہندوستان کو اننگز شکست سے محفوظ رکھنے میں مڈل آرڈر بیٹسمین اجنکیا رہانے نے اہم رول ادا کیا جیسا کہ انھوں نے 157 گیندوں میں 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے، تاہم وہ اپنے کریر کی پہلی سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے جس کے باوجود تاحال وہ کریر کی بہترین اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔
لوور آرڈر میں ظہیر خان نے 41 گیندوں میں 3 رنز بناتے ہوئے نہ صرف رہانے کا بہتر ساتھ دیا بلکہ افریقی بولروں کے خلاف مزاحمتی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی امکانی شکست کو کسی حد تک روکے رکھا۔ ایشانت شرما نے 10 گیندوں میں ایک رن بنایا۔ محمد سمیع ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کے لئے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی رہانے رہے جنھیں ورنان فلنڈر نے بولڈ کیا۔ آج آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 29 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز اسکور کئے جنھیں رابن پیٹرسن نے الویرو پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے رویندرا جڈیجا (8) اسی اوور میں ایک چھکہ مارنے کے بعد غیر ذمہ دارانہ طور پر اگلی گیند پر اپنی وکٹ گنوائی۔ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو ’مین آف دی میچ‘ اور بیٹسمین اے بی ڈی ولیئرس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ ہندوستان نے پہلی اننگز میں 334 اور جنوبی افریقہ نے 500 رنز اسکور کئے تھے۔