ہیملٹن۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہاں تیسرے ٹسٹ کے پانچویں دن کا کھیل بارش کی وجہ سے متاثر ہوا اور میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے شکست کے دہانے پر کھڑی مہمان ٹیم نے میچ بچانے کے علاوہ تین میچوں کی سیریز 0۔1سے اپنے نام کر لی۔جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 175 رنز سے پیچھے رہنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنے پانچ وکٹ صرف80 رنز پر کھو دیئے تھے اور اس پر اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلانے لگا تھا لیکن نیوزی لینڈ کی قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا اور پانچویں دن پورے دن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ پانچویں دن جنوبی افریقہ کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے95 رنز اور بنانے تھے جبکہ اس کے پانچ وکٹ باقی تھے ۔ چوتھے دن کپتان فاف ڈو پلیسس 15 اور وکٹ کیپر کوئٹن ڈی کاک 15 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان پہلا ٹسٹ ڈرا رہا تھا جبکہ دوسرا ٹسٹ جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔ تیسرا ٹیسٹ ڈرا رہنے کے بعد مہمان ٹیم نے 0۔1سے سیریز اپنے نام کر لی۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پہلی اننگز میں انکی بہترین سنچری کی بدولت مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔