جنوبی افریقہ نے ونڈے سیریز 2-1سے جیت لی

ہمبنٹوٹا۔12جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کپتان اے بی ڈی ویلئرس کی تیز رفتار اور اوپنر کوئن ڈیکاک کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 339/5 اسکور بناتے ہوئے میزبان ٹیم کو 257تک محدود رکھتے ہوئے تیسرا ونڈے 82رنز سے اپنے نام کرتے ہوئے تین مقابلوں کی سیریز میں 2-1کی کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ 340رنز کے تعاقب میں سری لنکائی ٹیم کسی بھی موقع پر مقابلہ میں موجود نہیں تھی جیسا کہ وقفہ وقفہ سے گرنے والی وکٹوں نے اس کیلئے نشانہ کو مزید مشکل کردیا ۔ حالانکہ مڈل آرڈر میں کپتان انجیلو میتھیوز نے 5چوکوں

اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 58رنز بنانے کے علاوہ سنانائیکے (30)کے ہمراہ ساتویں وکٹ کیلئے 98رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جس سے کچھ امیدیں سری لنکا کیلئے پیدا ہوئیں تاہم فی اوور نشانہ کافی مشکل ہوچکا تھا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے میک لارین نے 37رنز کے عوض 3اور مورنی مورکل نے 49جب کہ جے پی ڈومینی نے 43رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ڈی ویلئرس نے 71گیندوں میں 11چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 108رنز اسکور کرنے کے علاوہ اوپنر ڈیکاک کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 116رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ ڈیکاک نے 127گیندوں میں 12چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 128رنز کے علاوہ ہاشم آملہ (48) کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 118رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم شروعات فراہم کی ۔