بے اوول۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اے بی ڈی ولیئرس اور جے پی ڈومینی کی ناقابل تسخیر نصف سنچریوں اور پانچویں وکٹ کے لئے 139 رنز کی اٹوٹ پارٹنرشپ کی بدولت جنوبی افریقہ نے یہاں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گئے پہلے ونڈے میں 6 وکٹوں کی کامیابی حاصل کرلی۔ کپتان ڈی ولیئرس اور ڈومینی جس وقت وکٹ پر یکجا ہوئے، اس موقع پر 231 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم 97/4 کی نازک صورتِ حال سے پریشان تھی۔ آؤٹ ہونے والے اوپنرس ڈی کاک (9)، ہاشم آملہ (38)، فاف ڈوپلیسی (8) اور روسو (26) شامل تھے۔ اس موقع پر ڈی ولیئرس نے 85 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 89 جب کہ ڈومینی نے 72 گیندوں میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 58 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے لئے ٹرینٹ بولٹ کامیاب بولر ثابت ہوئے جنھوں نے 10 اوورس میں 40 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کے لئے مدعو کیا جوکہ 45.1 اوورس میں 230 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لوور آرڈر میں وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونچی نے 83 گیندوں میں 99 رنز اسکور کئے جس میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے لئے عمران طاہر، ورنان فلینڈر، مائیک لارین اور مورنی مرکل نے فی کس 2 وکٹیں لیں۔