ہرارے ۔ 6 ستمبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے بعد شاندار فام میں موجود بیٹسمین فاف ڈپلیسی کے ایک اور شاندار 96 رنز کی بدولت سہ رخی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم نے سیریز اپنے نام کرلی ۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ 218 رنز کے تعاقب میں ڈپلیسی نے 99 گیندوں میں 96 رنز اسکور کئے تاہم وہ سیریز میں ریکارڈ چوتھی سنچری سے اُس وقت محروم ہوگئے جب کامیابی کیلئے ٹیم کو صرف ایک ر ن اور انھیں سنچری کی تکمیل کیلئے 4 رنز درکار تھے ۔ ڈی ویلیرس جنھوں نے 41 گیندوں کی اننگز میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کے ہمراہ 57 رنز بنائے انھوں نے کامیابی کیلئے چوکا لگاتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور کو 221/4 صرف 40.5 اوورس ہی میں کردیا ۔ ہاشم آملہ نے 75 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی نقصان کے بعد بہتر شروعات فراہم کرنے میں اپنا رول ادا کیا۔ قبل ازیں ٹاس جیت کر ڈی ویلیرس نے آسٹریلیا کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس پر اسٹین نے اپنے کپتان کے فیصلے کو 34/4 کے ذریعہ صحیح ثابت کیا۔ ارون فنچ (54) نے انفرادی اعظم ترین اسکور کے ذریعہ آسٹریلیا کو 217/9 تک پہنچایا ۔