کرسٹ چرچ ۔ 9 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ورلڈکپ کا وارم اپ مقابلہ بارش کی وجہ سے متاثر رہا لیکن اس کے باوجود جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دی۔ بارش کی وجہ سے سری لنکائی ٹیم کی اننگز کو جس وقت 44.4 اوورس میں ختم کردیا گیا، اس وقت ایشیائی ٹیم نے 279/7 رنز اسکور کرلئے تھے۔ جوابی اننگز میں جنوبی افریقی ٹیم 24.3 اوورس میں 188 رنز بنالئے تھے اور اس طرح ڈک ورتھ لوئیس نظام کے تحت جنوبی افریقہ ٹیم کو پانچ وکٹوں سے فاتح قرار دیا۔ تین گیندے قبل ٹیم نے نظرثانی شدہ نشانہ حاصل کرلیا جبکہ اوپنر کوئنٹن ڈیکاک نے 66 اور کارگزار کپتان ہاشم آملہ نے 46 رنز اسکور کرتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 116 رنز کی شاندار پارٹنرشپ نبھائی۔ جنوبی افریقہ نے اپنے کپتان اے بی ڈی ولیئر س کو آرام دیا۔ سری لنکائی ٹیم کیلئے تلک رتنے ، دلشان نے 100 رنز اور کپتان اینجلو میتھوس نے 58 رنز اسکور کئے ۔ دلشان نے 82 گیندوں میں ہی 100 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ نے 8 بولروں کو استعمال کیا جن میں کیلی ایبٹ نے 37 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔