جنوبی افریقہ نے آخرکار ٹسٹ جیتا، سیریز انگلینڈ کے نام

سنچورین ، 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)  جنوبی افریقہ نے کگیسو رباڈا کی تباہ کن بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو چوتھے ٹسٹ میچ میں 280 رنز کے بھاری فرق سے شکست دی۔ تاہم سیریز 2-1 سے انگلش ٹیم کے نام رہی۔ یہاں سیریز کے چوتھے اور آخری ٹسٹ کے دوشنبہ کو پانچویں و اختتامی روز انگلینڈ نے 52/3 سے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا احیاء کیا تو اسے میچ میں فتح کیلئے مزید 332 رنز درکار تھے۔ تاہم السٹیر کک کی پوری ٹیم 101 پر ڈھیر ہو گئی جبکہ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے رباڈا دوسری اننگز میں بھی انگلش بیٹسمنوں کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے۔ 58 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں انگلینڈ کی شکست واضح ہو چکی تھی۔ چار ٹسٹ کی سیریز کے آخری دن انگلش ٹیم بالکل ہی بے رنگ نظر آئی اور 381 رنز کے ٹارگٹ پر بُری طرح ناکام ہوئی۔ رباڈا نے دوسری اننگز میں 6/32 کے ساتھ میچ میں 13 وکٹیں لئے۔ انھیں بہترین کارکردگی پر ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا جبکہ انگلینڈ کے بن اسٹوکس کو ’مین آف دی سیریز‘ قرار دیا گیا۔ یہ جنوبی افریقہ کی 9 ٹسٹ کے بعد طویل فارمٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف بارش سے متاثرہ سیریز ڈرا ہونے کے بعد انھیں ہندوستان میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 3-0 سے شکست فاش ہوئی تھی۔