جنوبی افریقہ میں مختلف چیلنجز ہونگے :روہت

ممبئی۔25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں 3-0 کی کلین سویپ کا پوری ٹیم کو سہرا دیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ان کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ میں اب ہندستانی ٹیم کو بالکل مختلف طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ہندستانی ٹیم2018 کے پہلے ہفتے میں جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے روانہ ہوگی جہاں کپتان ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم سیریز کے لئے اترے گی۔ شادی کی وجہ سے کوہلی کی غیر موجودگی میں روہت نے ونڈے اور ٹوئنٹی20 میچوں کی کپتانی سنبھالی تھی اور2-1 اور 0-3 سے ٹیم کو کامیابی دلائی ہے ۔ سری لنکا کا دورہ ہندوستان آخری ٹوئنٹی 20 کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا جس میں اسے پانچ وکٹ سے شکست ہوئی۔ اس سے قبل وراٹ کی قیادت میں ٹیسٹ سیریز میں اسے 1-0سے ہار جھیلنی پڑی تھی۔ اس سیریز میں مہمان ٹیم واحد ونڈے ہی جیت پائی تھی۔جنوبی افریقہ کے کچھ ہی دنوں بعد شروع ہونے والی سیریز کے متعلق روہت نے کہا کہ میں افریقی دورے کے لئے پرعزم ہوں۔ یہ بالکل ہی مختلف طرح کی ہونے والی سیریز ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے ۔ لیکن میں پھر بھی دہراؤں گا کہ ہمارا گھریلو سیزن بھی آسان نہیں رہا کیونکہ کسی بھی ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہوتا ہے ۔ ہمیں کئی مرتبہ چیلنج دیئے گئے اور ہم نے واپسی بھی کی ۔ ہم وہاں بھی ایسا ہی کریں گے ۔روہت نے اپنی کامیاب کپتانی کے بعد راحت کی سانس لی اورمیچ کے بعد سبھی کھلاڑیوں کواس فتح کا سہرا دیا۔ انہوں نے کہا میں بہت خوش ہوں جیسے ہم نے ونڈے اور پھر ٹوئنٹی 20 سیریز کی کھیلا، مجھے لگتا ہے کہ بغیر ٹیم کی کوشش کے یہ ممکن ہی نہیں تھا۔ ہمار ی ٹیم کے ہر کھلاڑی میں کام کے تیئں بہت احترام ہے۔