جنوبی افریقہ میں جیکب زوما کو عہدہ سے برطرف کرنے کا فیصلہ : میڈیا

جوہانسبرگ ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کی حکمراں اے این سی پارٹی نے آج بند کمرے میں کی گئی بات چیت کو مکمل کرلیا جہاں یہ قرارداد منظور کی گئی کہ اسکینڈل میں ملوث صدر جیکب زوما کو ملک کے صدر کی حیثیت سے برطرف کردیا جائے کیونکہ انہوں نے مستعفی ہونے سے پہلے ہی انکار کردیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارٹی کی انتہائی بااختیار 107 رکنی قومی عاملہ کمیٹی (NEC) کا اجلاس ایک دو گھنٹے نہیں بلکہ پورے 13 گھنٹوں تک پریٹوریا سے باہر ایک ہوٹل میں جاری رہا جہاں جیکب زوما کو ان کے عہدہ سے برطرف کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناء اخبار ٹائمز نے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 13 گھنٹوں کی طویل بات چیت کے بعد اے این سی کی قومی عاملہ کمیٹی نے بالآخر زوما کو ملک کے صدر کی حیثیت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا جبکہ دیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی جیکب زوما کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے انہیں اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کی درخواست کرے گی کیونکہ زوما نے پارٹی سے درخواست کی تھی کہ وہ مزید کچھ ماہ تک اقتدار پر بنے رہنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں ریاستی براڈکاسٹر SABC نے کہا تھا کہ اے این سی نے زوما کو مستعفی ہونے کے لئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے۔ اب تک اس کا سرکاری طور پر کوئی اعلان نہیں ہوا ہے جبکہ اس کی توثیق کیلئے اے این سی عہدیداروں سے بھی رابطہ نہیں ہوسکا۔