چٹگانگ۔ 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے نمبرایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے انتہائی دباؤ کے لمحات میں بہترین آخری اوور ڈالتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کو کرو یا مرو صورتحال کے مقابلہ میں سنسنی خیز 2 رنز کی کامیابی دلوائی۔ 171 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کر پائی حالانکہ راس ٹیلر 37 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 62 رنز اسکور کئے۔ تاہم وہ اسٹین کی آخری گیند پر کامیابی کیلئے مطلوبہ 3 رنز اسکور نہیں کر پائے۔ نیز کین ولیمسن نے 51 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بہتر شروعات فراہم کی۔ اسٹین نے 4 اوورس میں 17 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے پر جے پی ڈومینی کی شاندار 86 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ نے 170/6 رنز اسکور کئے۔