جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا شیڈول

جوہانسبرگ ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے اپنے ہوم سیزن 19-2018ء کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹسٹ، 5 ونڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ میزبانوں نے اپنے سمر سیزن میں مزید دو ٹسٹ میچز ایک اور ایشیائی ٹیم سری لنکا کے ساتھ کھیلنے کا شیڈول طے کیا ہے جو پاکستان کے ساتھ سیریز مکمل ہونے کے بعد منعقد کئے جائیں گے۔ کرکٹ ساؤتھ افریکا کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے ٹسٹ میچز ، اس کے بعد او ڈی آئیز ہوں گے اور پھر T20 سیریز کھیلی جائے گی۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹسٹ باکسنگ ڈے (26 دسمبر) سے سوپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا دوسرا ٹسٹ 3 جنوری 2019ء سے نیولینڈز پارک کیپ ٹاؤن میں جبکہ تیسرا ٹسٹ 11 جنوری سے جوہانسبرگ کے وانڈررز میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے مقابلے 19 جنوری کو سینٹ جارج پارک پورٹ ایلزبتھ، 22 جنوری (کنگزمیڈ، ڈربن)، 25 جنوری (سوپر اسپورٹس پارک سنچورین)، 27 جنوری (جوہانسبرگ) اور 30 جنوری (نیولینڈز، کیپ ٹاؤن) کو کھیلے جائیں گے۔ آخر میں دونوں ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان سے قبل زمبابوے اور بعد میں سری لنکا کی ٹیمیں بھی پروٹیز کے خلاف سیریز کھیلیں گے۔ پاکستان نے 2013ء میں اپنے گزشتہ دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران مصباح الحق کی قیادت میں ونڈے سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی، جس کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقہ کو اُن کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی تھی۔