چٹگانگ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یکے بعد دیگرے دو فتوحات کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے خود کو سیمی فائنل میں رسائی کے قریب کرلیا ہے اور وہ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اپنے گروپ کے آخری مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ سیمی فائنل میں رسائی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہوگی۔ جنوبی افریقی ٹیم نے ورلڈ کپ مہم کا مایوس کن آغاز کیا ہے جیسا کہ اسے افتتاحی مقابلہ میں سری لنکا کے خلاف 5 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی لیکن بعدازاں اس نے نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈس کو شکست دیتے ہوئے خود کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رکھا ہے۔
تین مقابلوں کے بعد جنوبی افریقی ٹیم گروپ میں ٹیموں کے جدول کا دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ نے الیکس ہالیس کی جانب ٹورنمنٹ کی پہلی سنچری کی بدولت سری لنکا کے خلاف 189 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے خود کو سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رکھا ہے کیونکہ افتتاحی مقابلہ میں اسے نیوزی لینڈ کے خلاف بارش سے متاثرہ مقابلہ میں ڈکورتھ لوئز نظام کے تحت شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ جنوبی افریقہ کیلئے اہم بیٹسمین اے بی ڈی ولیرس کا فام میں نہ ہونا تشویش کا باعث ہے کیونکہ بیٹنگ کا مکمل انحصار ان ہی پر ہے۔