ملبورن۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف 130 رنز کی شرمناک شکست کے زخم ابھی بھرے نہیں تھے کہ جنوبی آفریقی ٹیم کو ایک اور دھکہ لگا ہے جیسا کہ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ٹیم کے خلاف گزشتہ روز ملبورن میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران مقررہ وقت میں بولنگ مکمل نہ کرنے کی پاداش میں ٹیم پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے جنوبی آفریقی ٹیم کے اعداد و شمار کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ٹیم کو جو وقت دیا گیا تھا، اس وقت میں ٹیم 50 اوورس مکمل نہیں کرپائی اور مقررہ وقت میں وہ ایک اوور پیچھے تھی جس کی وجہ سے ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلئرس پر 20 فیصد اور ٹیم کے ماباقی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔