قاہرہ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے طاقتور فوجی سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی کو آج فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی دیدی گئی ہے۔ اسلام پسند صدر محمد مرسی کو السیسی نے گذشتہ سال جولائی کے دوران اقتدار سے بیدخل کیا تھا۔ فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی کے بعد جنرل السیسی اب مصر کے صدارتی انتخابات میں مقابلہ پر نظریں مرکوز کرسکتے ہیں اور اس اعلیٰ ترین منصب کیلئے ان کی کوششوں پر سرکردہ فوجی کمانڈرس تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ عبور صدر عدلی منصور نے صدارتی فرمان جاری کرتے ہوئے 59 سالہ السیسی فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین عہدہ پر ترقی دی۔
مصری فوج شاذ و نادر ہی اپنے سینئر افسران کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی دیتی ہے۔ جنرل عبدالفتاح السیسی کی عوامی مقبولیت میں گذشتہ سال جولائی میں زبردست اضافہ ہوا تھا۔ جب انہوں نے اسلام پسند صدر محمد مرسی کو ان کی متنازعہ حکمرانی کے خلاف ملک گیر عوامی احتجاج کے دوران اقتدار سے بیدخل کردیا تھا۔ بعدازاں السیسی کی تائید میں عوامی مہم اور تحریکوں کا آغاز ہوا تھا۔ ان کے حامیوں نے ان سے اواخر اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخابات میںحصہ لینے کیلئے اصرار کیا ہے۔