قاہرہ ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی فوج نے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کیلئے آرمی چیف جنرل عبدالفتح السیسی کی حمایت کر دی ہے۔ مصری فوج کے ترجمان کرنل احمد محمد علی کے مطابق فوجی جنرلوں کی اعلیٰ مجلس سپریم کونسل آف آرمڈ فورسز نے بھی اس فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ السیسی نے ہی گزشتہ برس جولائی میں مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹا تھا۔ مصر میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ اپریل کے آخر تک کروائی جائے گی۔
مصری نائب وزیر اعظم زیاد بہاء الدین مستعفی
قاہرہ ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے نائب وزیراعظم زیاد بہاء الدین اپے عہدہ سے مستعفی ہوگئے اور انھوں نے اپنا استعفیٰ عبوری وزیراعظم حازم الببلاوی کو پیش کر دیا ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق ان کے فیس بک صفحے پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بہاء الدین نے اپنا وزارتی عہدہ چھوڑ دیا ہے اور وزیراعظم حازم الببلاوی کو تحریری استعفیٰ دے دیا ہے تاکہ وہ حکومت سے باہر اپنی سیاسی ،جماعتی اور قانونی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔