جنتا پریوار کے انضمام کیلئے کارگر کوششیں جاری : نتیش کمار

پٹنہ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہاکہ سابق جنتا پریوار کے منقسم گروپس کے انضمام پر غیر یقینی کے بادل نہیں ہیں اور اس خصوص میں جاریہ کوششیں بار آور ثابت ہوں گی۔ انھوں نے فروغ مہارت پر ایک تربیتی اجلاس سے خطاب میں کہاکہ جنتا پریوار کے انضمام کی گاڑی پٹری پر چڑھ گئی اور اس گاڑی نے پیشقدمی شروع کردی ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد انضمام کو عملی شکل دی جائے گی اور زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ انضمام پر آئندہ اجلاس کی تاریخ کا بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا جس میں ہر چیز واضح ہوجائے گی۔ نتیش کمار نے دہلی میں حالیہ قیام کے دوران سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو جنھیں جنتا پریوار کے انضمام کے طریقہ کار کو قطعیت دینے کا اختیار تفویض کیا گیا ہے، صدر آر جے ڈی لالو پرساد اور انڈین نیشنل لوک دل سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ سے ملاقات کرکے انضمام کی کوشش کو تقویت دی ہے۔ نتیش نے جو انضمام کو عملی شکل دینے میں اہم رول ادا کررہے ہیں ، کہا کہ 27 مارچ کو لالو پرساد، شرد یادو اور ملائم سنگھ نے انضمام کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ بہار میں جاریہ سال اسمبلی انتخابات سے قبل جنتا پریوار کے منقسم گروپس کا اتحاد بی جے پی سے ٹکر لینے میں فیصلہ کن عنصر ثابت ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی سے اپنی ملاقات پر نتیش نے کہاکہ بہار کی ترقی کے بارے میں بات چیت کی گئی ہے۔