جنتا پریوار کے انضمام کا فیصلہ لا حاصل

مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ کا ردعمل
متھرا ۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ نے کہا ہے کہ سابق جنتا پریوار کی 6حلیف جماعتوں کے انضمام کا اعلان جمہوریت میں کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے بتایا کہ ملائم سنگھ یادو، لالو پرساد یادو، نتیش کمار، شرد یادو اوردیگر لیڈروں نے مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ جمہوریت میں کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ لیڈر کے معتبریت کا فیصلہ اس کے حامیوں کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر چھوٹی و متوسط صنعتیں نے کہا کہ ان لیڈروں کا اتحاد محض اپنی بقاء کیلئے نہ کہ عوام کیلئے ہے۔ بی جے وائی ایم کنوینر راجیش چودھری کی قیامگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی بقاء کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ سماج وادی پارٹی ، جنتا دل ( سیکولر ) راشٹریہ جنتا دل، جنتا دل ( متحدہ ) انڈین نیشنل لوک دل اور سماج وادی جنتا پارٹی کے قائدین نے حال ہی میں ملاقات کرکے اپنی اپنی پارٹیوں کو واحد جماعت میں ضم کردینے کا فیصلہ کیا ہے اور سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کو یہ اختیار تفویض کیا ہے کہ پارٹیوں کے انضمام کے طریقہ کار کو قطعیت دیں۔ بی جے پی لیڈر نے اقطاع عالم میں ہندوستان کا امیج بلند کرنے پر وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی ستائش کی اور کہا کہ بیرونی دوروں کی کامیابی اس کا مظہر ہے۔