جنتا پریوار کے انضمام سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار

پٹنہ ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام) : جنتا پریوار کے انضمام پر بی جے پی کے تبصروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا ہے کہ یہ 6 جماعتوں کا اتحاد زعفرانی پارٹی کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحاد کی طاقت کو سمجھنے سے قاصر ہے ۔ جس نے اسے مذاق قرار دیا ہے اور بہت جلد ثابت ہوجائے گا کہ یہ اتحاد اس کے حق میں تباہ کن ہوگا ۔ گو کہ بی جے پی قائدین بظاہر اتحاد کے بارے میں طنز کررہے تھے لیکن اندر ہی اندر اپنے خوف کو چھپانے کی کوشش کررہے تھے ۔ نتیش کمار نئی دہلی میں جنتا پریوار کی جماعتوں جنتادل متحدہ ، راشٹریہ جنتادل ( آر جے ڈی ) ، سماج وادی پارٹی ( ایس پی ) جنتادل سیکولر ، انڈین نیشنل لوک دل اور سماج وادی جنتا پارٹی کے انضمام کے بعد آج صبح پٹنہ ایرپورٹ واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ یہ 6 جماعتیں ، دراصل 1989 کے لوک سبھا انتخابات میں کامیاب جنتادل کا حصہ تھیں ۔ نئی دہلی میں سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیام گاہ پر کل انضمام کا اعلان کیا گیا ۔ نئی پارٹی کا نام پرچم اور انتخابی نشان کا بعد ازاں اعلان کیا جائے گا ۔ مسٹر نتیش کمار نے بتایا کہ بی جے پی کا یہ کہنا ہے کہ انضمام میں ہنوز رکاوٹیں حائل ہیں

لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ انضمام سے خوفزدہ ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تمام پارٹیوں نے یہ مشترکہ فیصلہ کیا کہ ملائم سنگھ یادو نئی پارٹی کے صدر ہوں گے اور 6پارٹیوں کے صدور پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ نئی پارٹی سے متعلق ہر ایک مسئلہ کی یکسوئی کرے گی اور نئی پارٹی کا نام ، پالیسی ، پروگرام ، پرچم اور نشان کا فیصلہ کرے گی ۔

اور تمام فیصلے اتفاق آراء سے کئے جائیں گے ۔ یہ دریافت کئے جانے پر نئی پارٹی کے نام اور نشان کے اعلان پر کتنا وقت درکار ہوگا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو بہت جلد ایک اجلاس طلب کر کے پارٹی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے ان اندیشوں کو غیر ضروری قرار دیا کہ حکومت بہار کی کارکردگی پر انضمام کا منفی اثر پڑسکتا ہے اور کہا کہ حکومت حسب معمول کام کرتے رہے گی ۔ ترقی اور بہتر حکمرانی کے ایجنڈہ پر کار بند رہے گی ۔ علاوہ ازیں بہار میں شوگر ملز کے بارے میں بی جے پی صدر امیت شاہ کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار نے کہا کہ وہ حقائق سے لاعلم ہیں ۔ پٹنہ میں بی جے پی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کے دوران امیت شاہ نے کہا تھا کہ 12 شوگر ملز کی اراضیات پر شاپننگ مالس تعمیر کئے گئے ہیں ۔ جس کے ذریعہ ریاستی وزراء اور ان کے رشتہ داروں نے فائدہ حاصل کیاہے ۔ جس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے صدر بی جے پی سے دریافت کیا کہ شوگر ملز کی کن اراضیات پر مالس تعمیر کئے گئے ہیں نشاندہی کریں ۔

جنتا پریوار کے انضمام کی کوئی اہمیت نہیں : اجیت سنگھ
مظفر نگر ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق جنتا پریوار کی 6 جماعتوں کے انضمام کو ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے راشٹریہ لوک دل سربراہ اجیت سنگھ نے آج کہا ہے کہ موجودہ سیاسی منظر میں اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملائم سنگھ یادو کی زیر قیادت نو تشکیل شدہ جنتا پریوار کی کوئی سیاسی اہمیت اور وقعت نہیں ہے اور سابق میں بھی اسی طرح کا ڈرامہ کیاگیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جنتا پریوار کے لیڈروں کو خود ایکدوسرے پر اعتماد نہیں ہے ۔ عوام بھی سابق میں جنتا پریوار کے اتحاد کو دیکھ چکے ہیں۔ اجیت سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم من کی بات تو کرتے ہیں لیکن کسانوں کے من کی بات سننے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔