جنتا پریوار کا انضمام آئندہ ہفتہ اعلان

نئی دہلی۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) نے آج اعلان کیا کہ جنتا پریوار کے انضمام کا آئندہ ہفتہ اعلان کیا جائے گا۔ کیونکہ اس ضمن میں کئی بڑے مسائل حل کئے جاچکے ہیں۔ جے ڈی (یو) کے صدر شرد یادو نے کہا کہ ’’انضمام ہونا ہی ہے اور یہ دیر کے بجائے جلد ہوگا‘‘۔ ذرائع نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو جن کی پارٹی کی پارلیمنٹ میں 5 ارکان پارلیمنٹ ہیں، نئی متحدہ جماعت کے صدرنشین ہوں گے۔ لوک سبھا میں سماج وادی پارٹی کے 5، آر جے ڈی کے 4، جے ڈی (یو)، جے ڈی (ایس) اور آئی این ایل ڈی کے دو دو ارکان ہیں۔ راجیہ سبھا میں ایس پی کے 15، جے ڈی (یو) کے 12 ارکان ہیں۔ جے ڈی (یو) کے جنرل سیکریٹری کے سی تیاگی نے کہا کہ ایس پی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو ایک یا دو دن میں انضمام کے منصوبہ کو قطعیت دیں گے۔

راجستھان میں سوائن فلو مریضوں کی تعداد 415 ہوگئی
جئے پور۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں سوائن فلو سے مزید دو افراد فوت ہوگئے جس کے ساتھ ہی اس ریاست میں جنوری سے تاحال سوائن فلو سے فوت ہونے والوں کی تعداد 415 تک پہونچ گئی۔ ریاستی نظامت صحت طبابت کے ایک عہدیدار نے آج کہا کہ جئے پور اور بھیلواڑہ میں گزشتہ روز دو مریض فوت ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست میں 6,559 افراد اس وباء سے متاثر پائے گئے جن کے منجملہ 415 فوت ہوگئے۔ اضلاع دھولپور اور سروہی کے سواء راجستھان کے ماباقی تمام 31 اضلاع میں سوائن فلو سے اموات واقع ہوئی ہیں۔ ان میں جئے پور میں سب سے زیادہ 84، اجمیر میں 43 جودھپور میں 33 اموات بھی شامل ہیں۔