پٹنہ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ جنتا پریوار میں انضمام کا فیصلہ بہت جلد کیا جائے گا۔ اس الجھن کے درمیان کہ جنتا پریوار کا وجود خطرہ میں ہے۔ لالو پرساد نے کہا کہ جنتا دل (یو) اور آر جے ڈی کے درمیان بہار انتخابات کے دوران اتحاد کیا جائے گا یا جنتا پریوار میں ضم ہوں گے، اس کا فیصلہ کرنا باقی ہے۔ انضمام یا ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کرنے کا فیصلہ بہت جلد ہوگا۔ لالو پرساد یادو نے ان اطلاعات کو بکواس قرار دیا کہ نتیش کمار کو چیف منسٹر امیدوار بنائے جانے کے مسئلہ پر جنتا پریوار پارٹیوں میں اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔ اس موضوع پر بات چیت کے لئے کوئی بھی پارٹی تیار نہیں ہے۔ لالو پرساد یادو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے اب بہار میں انتخابات کے لئے زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے۔ نتیش کمار اور دیگر مل کر یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا انضمام کرلیا جائے یا اتحاد کی سیاست قائم کی جائے۔ اس کا ریاست میں پائی جانے والی سیاسی صورتِ حال اور امکانات کا جائزہ لینے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔