جنتا پریوار جماعتوں کے انضمام کا اتوار کو اعلان متوقع

نئی دہلی 2 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کئی ماہ کے مذاکرات اور بات چیت کے بعد سابقہ جنتا پریوار کی چھ جماعتوں کی جانب سے امکان ہے کہ اتوار کو انضمام کا اعلان کردیا جائیگا ۔ اتوار کو جنتا پریوار کی چھ جماعتوں کا اجلاس ہونے والا ہے جس میں نئی سیاسی جماعت کے نام اور اس کے امتیازی نشان کے تعلق سے فیصلہ کرلیا جائیگا جس کے بعد باضابطہ طور پر انضمام کا اعلان ہوجائیگا ۔ جنتادل یو کے ذرائع نے کہا کہ جو نئی جماعت تشکیل پائیگی اس کے نام میں سماجوادی ضرور شامل رہے گا ۔ ذرائع نے کہا کہ جنتاپریوار کی جماعتوں کے تمام قائدین کا ایک اجلاس 5 اپریل کو سماجوادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیامگاہ پر اجلاس ہوگا جہاں نئی جماعت کے نام اور اس کے امتیازی نشان اور پروگراموں کے تعلق سے فیصلہ کرلیا جائیگا ۔

اجلاس میں امکان ہے کہ چیف منسٹر بہار نتیش کمار ‘ جنتادل یو کے سربراہ شرد یادو ‘ راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو کے علاوہ انڈین نیشنل لوک دل اور سماجوادی جنتا پارٹی کے نمائندے شرکت کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کے صدر نشین ملائم سنگھ یادو ہی ہوسکتے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو نے ہی لوک سبھا انتخابات میں جنتا پریوار کی جماعتوں کی بدترین شکست کے بعد انضمام کی تجویز پیش کی تھی ۔ بہار میں ماہ نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ان جماعتوں کے انضمام کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ بی جے پی کو دہلی اسمبلی انتخابات میں ہوئی بدترین شکست کے بعد اپوزیشن کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔

بی جے پی کو دہلی اسمبلی میں صرف تین نشستوں پر کامیابی ملی تھی ۔ یہاں عام آدمی پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی ۔ 5 اپریل کو ہونے والے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائیگا کہ نئی سیاسی جماعت کا انتخابی نشان کیا ہوگا ۔ فی الحال جنتا پریوار کی تمام سابقہ چھ جماعتوں کے انتخابی نشان علیحدہ ہیں۔ جنتادل کا 1999 میں خاتمہ ہوگیا تھا جب شرد یادو کی قیادت میں جنتادل یو کا قیام عمل میں آیا تھا۔ اس کے علاوہ جنتادل ایس کا قیام بھی عمل میں آیا تھا جو سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کیا تھا ۔ اس وقت دونوں جماعتوں کو علیحدہ انتخابی نشان الاٹ ہوا تھا ۔ ذرائع نے کہا کہ نئی جماعت کا نام سماجوادی جنتا پارٹی یا سماجوادی جنتادل ہوسکتا ہے ۔ یہ پارٹی پہیہ یا سائیکل کو انتخابی نشان بنانے پر بھی غور کر رہی ہے ۔ سائیکل فی الحال سماجوادی پارٹی کا انتخابی نشان ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملائم سنگھ یادو لوک سبھا میں اور شرد یادو راجیہ سبھا میں نئی جماعت کے قائدین ہوسکتے ہیں۔

کولکتہ ایرپورٹ پر ممتابنرجی کی
صدرجمہوریہ سے ملاقات
کولکتہ ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کولکتہ ایرپورٹ پر صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے 15 منٹ تک ملاقات کی۔ ممتابنرجی شام سے 6 بجکر 30 منٹ کے قریب ایرپورٹ پہنچیں اور صدرجمہوریہ سے ملاقات کیں۔ ان کی اس ملاقات کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع دی نہیں گئی۔ صدرجمہوریہ دو روزہ دورہ پر مغربی بنگال آئے ہوئے تھے جو آج دہلی کیلئے روانہ ہوئے۔