پٹنہ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جنتا دل (یو) کے چار باغی ارکان اسمبلی جنہیں رکنیت سے برطرف کردیا گیا تھا کہ آج پٹنہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوگئے اور اسپیکر کی جانب سے انہیں نااہل قرار دینے کے اقدام کو چیلنج کیا ۔ قانون داں ایس کے منگلم نے گیانیندر سنگھ گیانو، نیرج سنگھ ببلو ، رویندر رائے اور راہول شرما کی پیروی کرتے ہوئے درخواست داخل کی۔ بعدازاں انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی برطرفی ’’غیرقانونی اور غیردستوری‘‘ ہے جس کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔ اسپیکر ادئے نارائن چودھری نے گزشتہ ہفتہ کو جے ڈی (یو) کے چار ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ ریاست میں 2 راجیہ سبھا نشستوں پر حالیہ ضمنی انتخابات کے دوران پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اسپیکر کے فیصلہ نے انہیں سابق ارکان اسمبلی کے موقف سے بھی محروم کردیا تھا۔ چنانچہ وہ ان تمام مراعات سے محروم ہوگئے ہیں جو اس حیثیت سے انہیں حاصل ہوسکتے تھے۔ ارکان اسمبلی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ باغی امیدواروں انیل شرما اور جے ڈی یو کے خارج شدہ قائد صابر علی کی ضمنی انتخابات میں تائید کرتے ہوئے ان ارکان اسمبلی نے ان کے پولنگ ایجنٹس کی حیثیت سے کام کیا ہے۔