پٹنہ 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ سابقہ جنتادل کی چھ جماعتوں کے انضمام کا عمل جاری ہے۔ تاہم انہوں نے انضمام کیلئے کسی تاریخ کے تعین کا انکار کیا۔ میڈیا میں کہا گیا تھا کہ جنتا پریوار کی جماعتیں اتوار 5 اپریل کو اپنے انضمام کا ملائم سنگھ یادو کی قیامگاہ پر اعلان کریں گی جہاں ان کا اجلاس ہونے والا ہے ۔ نتیش کمار نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کے انضمام کا اعلان کرنے 5 اپریل کی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعلان کی تاریخ کا سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کریں گے جنہیں انضمام کے طریقہ کار کو قطعیت دینے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ 5 اپریل کو آر جے ڈی کی قومی عاملہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پٹنہ میں رہیں گے ۔