ممبئی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام )بہار اسمبلی انتخابات سے قبل جنتا دل (یو) اور راشٹریہ جنتادل کے مابین اتحاد کو شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر اور لوک جن شکتی پارٹی صدر رام ولاس پاسوان نے ریاست کی ابتر صورتحال کیلئے نتیش کمار اور لالو پرساد کو مورد الزام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں بدامنی کیلئے اگر کسی کو ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے تو وہ لالو پرساد اور رابڑی دیوی کا 15 سالہ اور نتیش کمار کا 10 سالہ دور اقتدار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لالو اور نتیش کے مل جانے سے بہار کو فائدہ ہونے والا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نتیش اور مانجھی ’’آم‘‘ کیلئے لڑ رہے ہیں اور آپ(نتیش ) راہول گاندھی کو آم بھیج رہے ہیں۔ اُن کا اشارہ نتیش اور راہول کی ملاقات کی طرف تھا۔