اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے پٹنہ ہائی کورٹ کی اجازت
پٹنہ ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : پٹنہ ہائی کورٹ نے آج نا اہل قرار دئیے گئے جنتادل متحدہ کے 4 باغی ارکان اسمبلی کو بہار اسمبلی کی مجوزہ مانسون اجلاس میں شرکت کی اجازت دیدی ہے ارکان اسمبلی اجیت کمار ، سریش چنچل ، راجیو سنگھ اور پونم دیوی کی داخل کردہ عرضیوں پر سماعت کے بعد جسٹس راکیش کمار نے عبوری احکامات جاری کئے اور 3 اگست سے شروع ہونے والے مانسون اجلاس میں شرکت کی اجازت دیدی ۔ جسٹس راکیش کمار نے کہاکہ اگرچیکہ ارکان اسمبلی ایوان میں شرکت کے اہل ہیں لیکن وہ تنخواہ ، الاونس اور دیگر سہولیات کا استحقاق نہیں رکھتے اور اجلاس میں کسی مسئلہ پر ووٹنگ کی صورت میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ بہار اسمبلی کا اجلاس 7 اگست تک جاری رہے گا ۔ اسپیکر نارائن چودھری نے گذشتہ سال نومبر میں مخالف پارٹی سرگرمیوں کے الزام میں 4 ارکان اسمبلی کو قانون انسداد دل بدل کے تحت نا اہل قرار دیا تھا ۔ جس کے خلاف ارکان اسمبلی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے ۔ ارکان اسمبلی نے ہائی کورٹ میں استدلال پیش کیا کہ سپریم کورٹ کے حالیہ حکم کی روشنی میں انہیں راحت ملی ہے ۔ جس میں جنتادل متحدہ کے دیگر ارکان اسمبلی گیانندر سنگھ ، نیراج کمار ، رویندر رانے اور راہول شرما کو اسمبلی کا دورہ اور اجلاس میں شرکت کا اختیار دیا گیا ۔ انہیں مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں معطل کردیا تھا ۔