پٹنہ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے بہار کے اسمبلی انتخابات کیلئے جنتادل متحدہ کے ساتھ ان کی پارٹی کی مفاہمت پر بی جے پی اور آر ایس ایس کی قیاس آرائیوں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہاکہ انھیں شکست کے خوف سے سیاسی اتحاد کی فکر ستا رہی ہے۔ مسٹر لالو پرساد یادو نے اپنے ٹوئیٹر میں بتایا کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ان کے حمایتی بعض میڈیا گھرانے آر جے ڈی ۔ جے ڈی یو کے اتحاد پر فکرمند نظر آرہے ہیں کیونکہ انتخابات سے قبل ہی ان کے دماغوں میں شکست کا خوف طاری ہوگیا ہے۔ لالو پرساد یادو کا یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا جب بی جے پی اور حلیف جماعتوں کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے آر جے ڈی ۔ جنتادل متحدہ کے اتحاد بالخصوص جنتا پریوار کے انضمام کے حشر پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ کیونکہ جنتا پریوار سے وابستہ جماعتوں جنتادل متحدہ ، آر جے ڈی، آئی این ایل ڈی، جنتادل سیکولر، سماج وادی پارٹی اور ایس جے پی کے انضمام پر ہنوز تعطل برقرار ہے۔ علاوہ ازیں آر جے ڈی سربراہ کا یہ تبصرہ اتحاد کی قیادت اور 243 رکنی بہار اسمبلی کے انتخابات میں دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر اختلافات کے پیش نظر اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ دونوں جماعتوں میں بیان بازی کے دوران آر جے ڈی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ نے کہا ہے کہ اتحادی لیڈر کی حیثیت سے چیف منسٹر نتیش کمار قابل قبول نہیں ہیں جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے ڈی یو کے ریاستی صدر وشست نارائن سنگھ نے کہاکہ صرف نتیش کمار ہی مجوزہ انتخابات میں لیڈر ہوں گے۔