نئی دہلی 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل (متحدہ ) کے رکن اسمبلی شعیب اقبال نے جنہوں نے خط اعتماد کے حصول اور اسپیکر کے انتخاب میں عام آدمی پارٹی کی تائید کی تھی،دھمکی دی کہ وہ عام آدمی پارٹی کے لیڈر کمار وشواس محرم کے بارے میں اپنے منتازعہ تبصروں کے سلسلہ میں ان سے برسر عام معذرت خواہی نہ کریں تو وہ عام آدمی پارٹی حکومت کی تائید سے دستبرداری اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے ایک ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں کمار وشواس نے مبینہ طور پر اپنے ایک پروگرام کے دوران محرم کا مذاق اُڑایا تھا۔ شعیب اقبال نے کہا کہ وہ یہ مسئلہ دہلی کی اسمبلی میں اٹھائیں گے ۔ اس قسم کی زبان کا استعمال ایک مذہبی واقعہ کے بارے میں صدمہ انگیز اور انتہائی متکبرانہ ہے ۔
اگر وہ (کمار وشواس ) معذرت خواہی کریں تو اس مسئلہ کی یکسوئی ممکن ہے بصورت دیگر وہ اپنی تائید سے دستبرداری اختیار کرلیں گے ۔ دریں اثناء چیف منسٹر ارویند کجریوال نے شعیب اقبال کے الزامات پر رد عمل ظاہر کیا اور کہا کہ کمار وشواس اپنے تبصرے پر پہلے ہی معذرت خواہی کرچکے ہیں ۔ تین یا چار ماہ قبل یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا اور کمار وشواس پہلے ہی اس کیلئے معذرت خواہی کرچکے ہیں ۔