جناب فیروز بخت احمد اردو یونیورسٹی کے نئے چانسلر

حیدرآباد، 17؍ مئی (پریس نوٹ) جناب فیروز بخت احمد، ممتاز کالم نگار ، سماجی جہد کاراور ماہر تعلیم کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا آج پانچواں چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریۂ ہند جناب رام ناتھ کووند نے یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے ان کا تقرر تین سالہ میعاد کے لیے کیا ہے۔ جناب فیروز بخت احمد، مولانا ابوالکلام آزاد کے رشتے کے پوترے ہیں۔ رجسٹرار ، اردو یونیورسٹی کے آج جاری کردہ اعلامیہ میں یہ اطلاع دی گئی۔ جناب فیروز بخت، جناب ظفر سریش والا کی جگہ لیں گے۔ جناب فیروز بخت احمد ایک ممتاز صحافی اور قلمکار کے طور پر ملک بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اردو اور ہندی میں کئی کتابیں بھی تحریر کی ہیں، جن میں بچوں کے ادب پر کتابیں شامل ہیں۔ بحیثیت صحافی ان کے کالم ملک میں مختلف زبانوں کے مؤقر اخبارات میں شائع ہوتے رہتے ہیں۔ جناب فیروز بخت، دینی مدارس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اردو میڈیم اسکولوں کی ترقی سے مربوط اقدامات سے بھی وابستہ رہے ہیں۔ مختلف عدالتوں نے انہیں عدالتی عمل میں معاونت اور انصاف رسائی میں سرعت کے لیے کئی کمیٹیوں / انکوائری کمیٹیوں کا رکن بھی نامزد کیا ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے قیام سے قبل 1997 میں انہوں نے بحیثیت رکن تاسیسی کمیٹی خدمات بھی انجام دیں۔