جناب سید عبد المنان کو وی ایل او کے عہدہ پر ترقی و تبادلہ

مہادیوپور /31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جے وی او کو وی ایل او کے عہدہ پر ترقی دیتے ہوئے جناب سید عبد المنان کا تبادلہ عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ جناب عبد المنان مہادیوپور میں گزشتہ سات برسوں سے جے وی او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جنھیں وی ایل او کی حیثیت سے ترقی دے کر ان کا تبادلہ منتھنی منڈل کے گنجیا گوڑ کیا گیا۔ اس ضمن میں آج ایک تہنیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جناب عبد المنان کی کثرت سے گلپوشی کی گئی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائرکٹر محکمہ وٹرنری ملا ریڈی، زیڈ پی ٹی سی اکبر خان، ایم پی پی وسنت ریڈی نے اپنے خطاب میں جناب سید عبد المنان کی سات سالہ خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ انھوں نے معذوری کے باوجود (جو کہ ایک پیر سے معذور ہیں) دیہاتوں کا رخ کرتے ہوئے ایسے مقامات پر نمایاں خدمات انجام دے کر قابل فخر کارنامہ انجام دیا، جب کہ بعض ملازمین صرف اپنے آبائی مقام یا پھر کسی شہر کے قریب خدمات انجام دینا پسند کرتے ہیں۔ اس موقع پر رپورٹر سیاست جناب محمد نذیر حسین نے بھی ان کی خدمات کی ستائش کی۔