جناب زاہد علی خاں کی تہنیتی تقریب 2اپریل کو ’ شام سوغات ‘ پروگرام

حیدرآباد۔/30مارچ، (سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ کو مسلم مرر کارنامہ حیات ایوارڈ ملنے کی مسرت میں ان کے شایان شان ایک جلسہ اعتراف خدمات و تہنیت ’شام سوغات ‘ زیر اہتمام ایوان فنکار و فولس پیراڈائیز بتاریخ 2اپریل بروز ہفتہ شام 6بجے اردو ہال حمایت نگر میں منعقد ہوگا۔ جناب کنگ شاک ناگ ریسیڈینٹ ایڈیٹر روز نامہ ’ ٹائمس آف انڈیا‘ صدارت کریں گے۔ جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلیٰ، جناب پرشانت چنتالہ ریسیڈنٹ ایڈیٹر ’ دی ہندو‘ پروفیسر انیس الحق قمر ناندیڑ اور جناب عبدالرحیم خاں معتمد انجمن ترقی اردو بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ جناب مصطفی علی سروری، جناب محبوب خاں اصغر جناب زاہد علی خاں کی شخصیت اور روز نامہ ’سیاست‘ کی خدمات پر مقالے پڑھیں گے۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری سید شوکت اللہ غوری کی قرأت کلام پاک سے ہوگا۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نعتیہ کلام پیش کریں گے۔ سنٹرل پبلک اسکول خلوت کی طالبات ترانہ ایوان پیش کریں گی۔ ڈاکٹر حمیرہ سعید خیرمقدم، ڈاکٹر معین امر بمبو انجمنوں کا تعارف اور یوسف الدین یوسف شکریہ ادا کریں گے۔ کنوینر جلسہ ڈاکٹر جاوید کمال نے اردو انجمنوں، شعراء و ادیبوں و فنکاروں سے شرکت کی خواہش کی ہے۔ بعد ازاں مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ جس میں وحید پاشاہ قادری، تسنیم جوہر، لطیف الدین لطیف، یوسف الدین یوسف، نجیب احمد نجیب، ڈاکٹر معین امر بمبو اور طیب پاشاہ قادری اپنا کلام سنائیں گے۔