جمہوریت کے مفاد میں حق رائے دہی سے استفادہ ضروری

کریم نگر۔/19مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستحکم و مضبوط جمہوری نظام کی تعمیر کیلئے ووٹ ایک انمول ہتھیار جیسا ہے۔ ووٹ کا حق رکھنے والے تمام ووٹنگ میں شرکت کرکے اس سے استفادہ کرنے ضلع کلکٹر ایم ویرا برہمیا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چہارشنبہ کو سرسلہ میں پی ڈی میپما کے زیر اہتمام منعقدہ ووٹر بیداری سدسو میں کلکٹر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم جمہوریت کی تعمیر کیلئے ووٹر بیداری پروگرام بہت معاون ثابت ہوگا۔ سماج میں تبدیلی کیلئے یہ بنیاد ثابت ہو۔ ضلع میں 27لاکھ 47ہزار رائے دہندے ہیں جن میں ہر 100 مرد ووٹرس کو992 خواتین ووٹرس ہیں۔

9مارچ تک ووٹر کی حیثیت سے اندراج کیلئے 63ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ان کی جانچ کرکے فہرست میں اندراج کیا جائے گا۔ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے۔ ہر ووٹر اپنے ووٹ کے حق سے استفادہ کرے۔ ووٹرس کسی بھی دباؤ کا شکار نہ ہوں بلکہ دیانتداری کے ساتھ بلاخوف ووٹ کے حق سے استفادہ کریں۔ ضلع میں3393 پولنگ مراکز ہیں جہاں پینے کے پانی کی سہولت، تحفظ کے انتظامات اور میڈیکل ٹیموں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ گذشتہ انتخابات میں پولنگ کا فیصد بہت کم تھا۔ ان انتخابات میں ہر ایک اپنی ذمہ داری سے ووٹنگ میں شرکت کرکے 95فیصد ووٹنگ کیلئے سعی کریں۔ اجلاس میں میپما پی ڈی وجئے لکشمی، آر ڈی او سرینواس، ڈی ایس پی نرسیا، تحصیلدار منے پربھاکر، میونسپل کمشنر سدھاکر و دیگر نے شرکت کی۔