جمہوریت کے دفاع کیلئے اپوزیشن قومی تحریک شروع کریگی

دستوری اور پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کی خلاف ورزی جاری ۔ سیتارام یچوری کا بیان
نئی دہلی 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن جماعتیں اس بات کیلئے پرعزم ہیں کہ ملک بھر میں جمہوریت کا تحفظ کرنے ایک بڑی تحریک شروع کی جائے ۔ سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج کہا کہ اگر کرناٹک میں جمہوری اصولوں پر عمل آوری نہیں کی جاتی ہے تو اپوزیشن جماعتیں ملک بھر میں یہ تحریک شروع کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘ جنتادل ( ایس ) بائیں بازو کی جماعتیں اور دوسری علاقائی جماعتیں بھی ایک دوسرے سے رابطے میںہ یں۔ امکان ہے کہ دہلی یا بنگلورو میں ان جماعتوں کا جلدی ہی اجلاس منعقد ہوگا جس میں اپنے احتجاج کے منصوبے کو قطعیت دی جائے گی ۔ اپوزیشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ بی جے پی مقننہ پارٹی کے لیڈر بی ایس یدی یورپا کو آج کرناٹک میں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا جبکہ کل رات بھر اس مسئلہ پر سپریم کورٹ میں قانونی کشاکش جاری رہی تھی اور عدالت نے تاہم حلف برداری کی تقریب پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ عدالت نے یہ ضرور کہا تھا کہ حکومت سازی کا عمل اس کیس کے نتیجہ کے تابع رہے گا ۔ جسٹس اے کے سیکری ‘ جسٹس ایس اے بوبڈے اور جسٹس اشوک بھوشن پر مشتمل بنچ نے اس مسئلہ پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی ہے اور چیف منسٹر کرناٹک وجو بھائی والا کو بی جے پی کی جانب سے پیش کردہ ارکان اسمبلی کی تائید کے مکتوب کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ یہ مکتوب یدی یورپا نے تشکیل حکومت کے ادعا کے ساتھ گورنر کو پیش کیا تھا ۔ سیتارام یچوری نے کہا کہ م مستقبل کے لائحہ عمل پر عدالت کے فیصلے کے بعد غور کرینگے ۔ تمام اپوزیشن جماعتیں یہ عزم رکھتی ہیں کہ اس مسئلہ کو ایک بڑا قومی مسئلہ بنایا جائے اور جمہوریت کو بچانے کیلئے مہم شروع کی جائے کیونکہ دستور کی اس طرح سے سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا سے اپوزیشن رابطے میں ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں کوشش کر رہی ہیں کہ بی جے پی کو نشانہ بنانے ملک بھر میں مارچ اور مظاہرے منعقد کئے جائیں۔