نئی دہلی ۔ 3 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کا دن جمہوریت کیلئے ’’یوم سیاہ ‘‘ قرار دیا کیونکہ 25 کانگریسی ارکان پارلیمنٹ لوک سبھا سے معطل کردیئے گئے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ مودی حکومت جمہوریت کا ’’گجرات نمونہ ‘‘ یہاں بھی نافذ کرنا چاہتی ہے ۔ ملک ارجن کھرگے نے جو لوک سبھا میں پارٹی کے قائد ہیں ، کہا کہ گجرات کی طرح اپوزیشن ارکان کو معطل کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ گجرات نمونہ ہے جسے لوک سبھا میں بھی نافذ کیا جارہا ہے ۔ اس سوال پر کہ کیا ایوان زیریں کے باقی ارکان کانگریس پانچ دن کیلئے اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے جو تادیبی کارروائی کیخلاف احتجاج ہوگا ۔ انھوں نے اثبات میں جواب دیا۔ کانگریس وہپ وینو گوپال نے کہاکہ باقی ارکان غالب امکان ہے کہ اجلاس اور مباحث کا بائیکاٹ کریں گے ۔