جمہوریت میں اظہار خیال اور احتجاج کا حق حاصل

سنگاریڈی میں کانگریس کو جلسہ کی عدم اجازت، جگا ریڈی کا میڈیا سے خطاب
سنگاریڈی /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے جگاریڈی سابق رکن ا سمبلی سنگاریڈی کی قیادت میں آج 7 ستمبر کو گنج میدان سنگاریڈی میں طلباء کا احتجاجی مظاہرہ و جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا تاہم پولیس نے احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ کی اجازت نہیں دی جس پر کانگریس نے اسکول و کالجس بند کی اپیل کی ۔ سنگاریڈی میں آج تعلیمی ادارہ جات بند رہے ۔ کانگریس کے احتجاجی مظاہرہ کے پیش نظر پولیس نے قدیم بس اسٹانڈ گنج میدان اور سابق رکن ا سمبلی جگاریڈی کے مکان کے قریب زبردست پولیس بندوبست کیا دوپہر 12 بجے سے طلباء ، نوجوان اور کانگریسی قائدین و کارکنان جھتوں کی شکل میں قدیم بس اسٹانڈ سڑک کی جانب بڑھنا شروع کیا جس پر پولیس نے انہیں حراست میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ دوپہر 12.30 بجے سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ قدیم بس اسٹانڈ پہونچے جہاں پر پولیس نے انہیں فوری حراست میں لے لیا اور پولیس جیب میں بٹھاکر پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کی کوشش کی جس پر طلباء نوجوان اور کانگریس کارکنان نے شدید مزاحمت کی اور جیپ کو آگے بڑھنے نہیں دیا ۔ پولیس کی کوشش کے باوجود طلباء گاڑی کے آگے سے نہیں ہٹے ایک مرحلے پر جیپ کو پیچھے ڈکھلا بھی گیا ۔ قدیم بس اسٹانڈ تا سنگاریڈی ٹاون پولیس اسٹیشن تک کانگریس کارکنوں نے نعرے بلند کرتے ہوئے پولیس جیپ کے ساتھ رہے تاہم پولیس نے جگاریڈی کو یہاں سے اندرا کرن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ پی سدھیر ریڈی ڈی ایس پی سنگاریڈی کی راست نگرانی میں پولیس بندوبست کیا گیا ۔ جگا ریڈی سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں اظہار خیال اور پرامن احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے لیکن تلنگانہ میں ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر عوام سے دستوری حقوق بھی چھین لئے ہیں اور پولیس کے زور پر عوامی آواز کو دبایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا دور ختم ہوچکا ہے اور عوام آئندہ انتخابات میں کے سی آر اور ٹی آر ایس کو بدترین شکست سے دوچار کریں گے ۔ احتجاج میں شیخ صابر ، معراج خان ہاشمی ، اننت کشن ، سنتوش و داگر موجود تھے ۔