جمہوریت خطرے میں نہیں ، میعاد پوری کرنے کا یقین : محمود قریشی

ملتان۔14اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اسمبلیوں سے باہر بیٹھنے والوں کو انتظار کرنا ہوگا،2023ء کے انتخابات میں بھی عوام حکومت کی پالیسیوں کے تسلسل کی بدولت ایک بار پھر واضح اکثریت سے تحریک انصاف کو اقتدار میں لائیں گے، اپنے منشور کے مطابق صحیح سمت پر گامزن ہیں، ملک میں تبدیلی کا سفر شروع ہو چکا ہے، لٹیروں پر ہاتھ ڈال دیا گیا ہے، لٹیروں کو جیل جانا ہوگا یا لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہوگی،پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں بھرپور کامیابی پر عوام کے مشکور ہیں، عوام نے پی پی،(ن) لیگ کے مشترکہ امیدوار کو شکست دے کر تحریک انصاف پر ایک اعتماد کا اظہار کیا ، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،اقتدار آنی جانی چیز ہے، عوام میں ہیں اور عوام کے درمیان رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 157کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے دوران پی پی 218 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ملک واصف مظہر راں کی شاندار کامیابی اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت پر اظہار تشکر،وفود سے ملاقات اور میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔