پٹنہ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند لیڈر مسرت عالم کی رہائی کے لئے آج بی جے پی کو موردالزام ٹھہرایا اور کہا کہ وہاں جو کچھ ہورہا ہے، اس کے لئے یہی پارٹی (بی جے پی) ذمہ دار ہے۔ نتیش کمار نے جو بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ، کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں آج جو کچھ بھی ہورہا ہے، اس کے لئے بی جے پی ذمہ دار ہے، ہم مسلسل یہ کہتے آرہے ہیں کہ وہاں تشکیل حکومت کے لئے بی جے پی۔ پی ڈی پی کا اتحاد دراصل بھارتیہ جن سنگھ کے بانی و نظریہ ساز شیام پرساد مکرجی کے فلسفہ کی موت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہاں (جموں و کشمیر میں) آج جو کچھ بھی ہورہا ہے، بی جے پی اس سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی‘‘۔ نتیش کمار نے کہا کہ شیام پرساد مکرجی نے سارے ملک کے لئے ایک دستور اور ایک پرچم کی وکالت کی تھی، لیکن بی جے پی قائدین نے اپنی ہی تنظیم کے اَساسی نظریہ ساز کے فلسفہ کو ہلاک کردیا۔