کٹھوا (جموں و کشمیر)، 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کو جموں و کشمیر میں نئے متبادل کے طور پر پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کانگریس ریاست کی ہر حکومت میں کسی طرح ’’گھس‘‘ جاتی ہے لیکن عین انتخابات سے قبل یہی ترکیبوں پر حملے کرتی ہے۔ کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو ریاست کے مسائل کیلئے مورد الزام ٹھہراتے ہوئے انھوں نے عوام سے اسمبلی چناؤ میں تمام ’’تینوں خاطیوں‘‘ کو سزا دینے کی اپیل کی۔ یہاں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اس ریاست کی ہر حکومت میں ’’شامل‘‘ ہوجاتی ہے، چاہے وہ پی ڈی پی زیرقیادت ہو یا این سی کی ہو، لیکن اس سے عین ماقبل چناؤ دستبرداری اختیار کرلیتی ہے اور یہی جماعتوں پر تنقیدیں شروع کردیتی ہے۔ ’’اگر آپ ایک بار انھیں سزا دیں تو انھیں اپنی غلطیوں کا احساس ہوگا۔ کیا بی جے پی نے کبھی جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دی؟ کیا آپ نہیں جانتے کون پہلے، دوسرے اور تیرے خاطی ہیں،‘‘ انھوں نے عوام سے دریافت کیا جنھوں نے پرجوش جواب دیا۔